A Tribute To The Legendary Playback Singer Masood Rana
2020ء میں پاکستان فلم میگزین پر عظیم فلمی گلوکار اور میرے آل ٹائم فیورٹ سنگر جناب مسعودرانا صاحب کی 25ویں برسی پر فلمی معلومات پر مبنی تفصیلی مضامین کا یہ بے مثل سلسلہ شروع کیا گیا تھا جو ان شاء اللہ ، اپنی تکمیل تک جاری و ساری رہے گا۔
اس عظیم الشان سلسلہ میں پہلے مرحلہ کے طور پر مسعودرانا کے گائے ہوئے ایک ہزار سے زائد فلمی گیتوں کو اردو رسم الخط میں محفوظ کیا گیا ہے۔
دوسرے مرحلے میں ، ان کے خاص خاص گیتوں ، اہم فلموں ، ساتھی فنکاروں اور دیگر یادگار واقعات پر تفصیلی مضامین کے علاوہ گزشتہ نصف صدی کے میرے ذاتی فلمی تجربات ، مشاہدات اور خیالات پر مبنی دو سو سے زائد مضامین لکھے جا چکے ہیں۔
مسعودرانا ، پاکستانی فلمی تاریخ کے سب سے بہترین آل راؤنڈ گلوکار تھے جو ہر رنگ ، ہر انگ اور ہر ڈھنگ میں گاتے تھے۔ وہ ، پاکستان کے واحد گلوکار تھے جو 1962ء میں اپنی پہلی فلم سے لے کر 1995ء میں اپنے انتقال تک فلمی گائیکی کی ضرورت بنے رہے۔ ان 34 برسوں میں کوئی ایک سال بھی ایسا نہیں تھا کہ جب ان کی بطور گلوکار کوئی فلم ریلیز نہ ہوئی ہو۔
اپنے اس طویل اور انتہائی قابل رشک فلمی کیرئر میں انھوں نے سب سے زیادہ فلموں میں سب سے زیادہ گیت گائے تھے اور واحد گلوکار تھے جو بیک وقت اردو اور پنجابی فلموں کی ضرورت ہوتے تھے۔
مسعودرانا ہی کو فلموں کے اصل گیتوں ، یعنی ٹائٹل اور تھیم سانگ گانے پر مکمل اجارہ داری بھی حاصل تھی۔
مسعودرانا کی انھی خداداد صلاحیتوں کی وجہ سے انھیں 'پاکستانی رفیع' بھی کہا جاتا تھا حالانکہ ان کا اپنا سٹائل تھا اور اونچی سروں کی گائیکی میں پورے برصغیر میں ان کا کوئی ثانی نہیں تھا۔ فلمی گائیکی کے سنہرے دور میں کہا جاتا تھا کہ برصغیر میں دو ہی مکمل فلمی گلوکار ہیں ، ہندوستان میں محمدرفیع اور پاکستان میں مسعودرانا..!
مسعودرانا کو اپنے عہد کے سبھی فلمی گلوکاروں پر کیوں اور کیسے برتری حاصل تھی ، اس پر بڑی تفصیل سے بحث ہو گی لیکن اس وقت پاکستان کے پہلے تین عشروں کے تین ادوار کے تین تین بڑے گلوکاروں کے فلمی ریکارڈز ملاحظہ فرمائیں جو بہت کچھ بیان کر رہے ہیں اور جب حقائق سامنے ہوں تو پھر کسی کی ذاتی پسند و ناپسند یا ماہرانہ رائے کی اہمیت باقی نہیں رہتی ..!
گلوکار | کل گیت | کل فلمیں | اردو گیت | اردو فلمیں | پنجابی گیت | پنجابی فلمیں |
---|---|---|---|---|---|---|
عنایت حسین بھٹی | 352 | 163 | 87 | 45 | 255 | 114 |
سلیم رضا | 303 | 167 | 271 | 145 | 32 | 21 |
منیر حسین | 294 | 194 | 189 | 119 | 105 | 68 |
احمدرشدی | 975 | 542 | 881 | 449 | 89 | 80 |
مسعودرانا | 1051 | 657 | 407 | 213 | 637 | 391 |
مہدی حسن | 685 | 488 | 586 | 397 | 97 | 85 |
اخلاق احمد | 125 | 82 | 118 | 73 | 8 | 6 |
اے نیر | 137 | 149 | 108 | 103 | 29 | 25 |
غلام عباس | 129 | 120 | 87 | 66 | 42 | 43 |
پاکستان فلم میگزین ، سال رواں یعنی 2023ء میں پاکستانی فلموں کے 75ویں سال میں مختلف فلمی موضوعات پر اردو/پنجابی میں تفصیلی مضامین پیش کر رہا ہے جن میں مکمل فلمی تاریخ کو آن لائن محفوظ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
قبل ازیں ، 2005ء میں پاکستانی فلموں کا عروج و زوال کے عنوان سے ایک معلوماتی مضمون لکھا گیا تھا۔ 2008ء میں پاکستانی فلموں کے ساٹھ سال کے عنوان سے مختلف فنکاروں اور فلموں پر مختصر مگر جامع مضامین سپردقلم کیے گئے تھے۔ ان کے علاوہ پاکستانی فلموں کے منفرد ڈیٹابیس سے اعدادوشمار پر مشتمل بہت سے صفحات ترتیب دیے گئے تھے جن میں خاص طور پر پاکستانی فلموں کی سات دھائیوں کے اعدادوشمار پر مشتمل ایک تفصیلی سلسلہ بھی موجود ہے۔
تازہ ترین
دیگر مضامین