حروفِ تہجی
ث
ثے (Say) کا عربی زبان میں تلفظ "ذ" اور "ظ" کی طرح زبان کی نوک کے اوپری دانتوں کی جڑ سے ٹکرانے سے ادا ہوتا ہے۔
"ث" کی تاریخ
"ث" کا حرف دنیا کی پہلی حروفِ تہجی، فونیقی یا فونیشین اور عبرانی زبان کی حروفِ تہجی کے کل 22 حروف میں نہیں ملتا۔ یہ عربی زبان کے چھ مخصوص اور اضافی حروف (ث، خ، ذ، ض، ظ، غ) میں سے پہلا حرف ہے، اس لیے "ابجد" کا 23واں حرف بنتا ہے جس کا عدد 500 مقرر ہوا۔
"ث"، اردو/پنجابی (سے) کا چھٹا، فارسی (سے) کا 5واں اور عربی (تھا) کا چوتھا حرف ہے۔ صوتی اعتبار سے اردو کا 11واں حرف ہے۔ اردو زبان میں "ث" کا حرف صرف عربی ذخیرہ الفاظ ہی میں ملتا ہے۔
ہندی ورن مالا میں "ث" کو स (سا) سے لکھا جاتا ہے لیکن بلوچی حروفِ تہجی میں عربی کے دیگر مخصوص حروف کی طرح یہ حرف بھی شامل نہیں کیا گیا۔
"ث" ، "س" کیسے بنا؟
"ث" کا تلفظ "س" اور "تھ" کی درمیانی آواز ہے جو عربوں کا مخصوص حرف ہے۔ انگریزی حروف میں Th یعنی "تھ" سے لکھا جاتا ہے جو لفظ Think میں ملتا ہے لیکن فارسی زبان میں چونکہ "ت" کو Th یا "تھ" پڑھا جاتا ہے، اس لیے "ث" کو S یا "س" کی آواز مل گئی جو برصغیر پاک و ہند میں اردو کے علاوہ ہماری دیگر زبانوں میں بھی رائج پا گئی۔
قرآنِ مجید کی تلاوت کے دوران ایسے الفاظ کے تلفظ میں احتیاط انتہائی ضروری ہے جن میں "ث" کا حرف استعمال ہوتا ہے۔ مثلاً "الکوثر" کو "الکوسر" کے تلفظ سے پڑھنا غلط ہے۔
"ث" کی خصوصیات
- عربی گرامر میں "ث"، ایک مونث اور شمسی حرف ہے جس سے پہلے لکھے گئے "ال" کو نہیں پڑھا جائے گا جیسے "الثواب" یا "الثاقب" کو بالترتیب "ثواب" اور "ثاقب" وغیرہ۔
- علمِ تجوید میں "ث" کو ایک الف کے برابر کھینچ کر نرم اور باریک پڑھا جاتا ہے۔
- علمِ ہجا میں "ث" کو "ثائے مثلثہ" بھی کہتے ہیں۔ اس کا شمار "حروفِ لثویہ (Dental) یعنی مسوڑوں سے ادا ہونے والے حروف (ث، ذ، ظ) یا "حروف مہموس" (خفی الصوت) میں ہوتا ہے۔
- "ث" کو علمِ ریاضی میں "مرکزِ ثقل" اور علمِ سائنس میں " کثافت" کے مخفف یا قائم مقام کے طور پر لکھا جاتا ہے۔
- فنِ خطاطی میں "ث" ایک "فرشی حرف" ہے جو خطِ نستعلیق میں دو درمیانی لائنوں میں لکھا جاتا ہے۔
- حسابِ ابجد میں "ث"، 23واں حرف (ثخذ) ہے جس کے 500 عدد مقرر ہیں۔
- علم الاعداد میں "ث"، ایک "آبی حرف" ہے جس کی تاثیر "پانی"، برج دلو (Aquarius) اور سیارہ زحل (Saturn) ہے۔
تازہ ترین
پاکستان کی تاریخ پر ایک منفرد ویب سائٹ
پاک میگزین ، پاکستان کی سیاسی تاریخ پر ایک منفرد ویب سائٹ ہے جس پر سال بسال اہم ترین تاریخی واقعات کے علاوہ اہم شخصیات پر تاریخی اور مستند معلومات پر مبنی مخصوص صفحات بھی ترتیب دیے گئے ہیں جہاں تحریروتصویر ، گرافک ، نقشہ جات ، ویڈیو ، اعدادوشمار اور دیگر متعلقہ مواد کی صورت میں حقائق کو محفوظ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
2017ء میں شروع ہونے والا یہ عظیم الشان سلسلہ، اپنی تکمیل تک جاری و ساری رہے گا، ان شاءاللہ
-
10-03-2024: آصف علی زرداری
27-04-2022: وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری
01-07-1974: ناپ تول کا اعشاری نظام