حروفِ تہجی
پ
پے (Pay) کا مخرج، "ب" کی طرح، دونوں ہونٹوں کے خشک حصہ کے ملاپ سے ہوتا ہے۔
"پ" کی تاریخ
ساڑھے تین ہزار سالہ قدیم، دنیا کی پہلی فونیشین حروفِ تہجی میں 17واں حرف Peh کو منہ Mouth کی شکل میں بنایا گیا تھا جو پانچ ہزار سالہ قدیم مصری ہیروغلیفی تصاویر میں کرسی Stool کی علامت تھی۔ یونانی زبان میں "پ" کو پائی π کہتے ہیں جس کو جیومیٹری میں استعمال کیا جاتا ہے۔
عربی میں "پ"؟
ڈیڑھ ہزار سالہ کلاسیک عربی یا قرآنِ مجید کی عربی زبان میں "پ" کا حرف نہیں ملتا مگر دلچسپ بات یہ ہے کہ سعودی عرب میں بولی جانے والی عربی زبان کی دونوں بڑی بولیوں، "حجازی اور نجدی" میں "پ" کا حرف موجود ہے جو یقیناً وہاں فارسی کے اثرات سے آیا ہوگا۔
ماڈرن سٹینڈرڈ عربی زبان کی حروفِ تہجی میں بھی "پ" کا حرف نہیں ہے لیکن مصری عربی میں اضافی حرف کی صورت میں "پ" ہے جبکہ شمالی افریقہ کے ممالک الجزائر، مراکش اور تیونس کی عربی حروفِ تہجی میں باقاعدہ طور پر "پ" کا حرف موجود ہے۔
"پ" اور "ف" کا فرق
دلچسپ بات یہ ہے کہ فونیشین، یونانی اور عبرانی زبانوں میں "پ" کا حرف تو تھا لیکن "ف" کا نہیں تھا۔ جدید عبرانی (جو عربی زبان سے متاثر ہے) میں "پ" اور "ف" ایک ہی حرف ہیں اور حسابِ ابجد میں ان دونوں حروف کا ایک ہی عدد 80 مقرر ہے لیکن اردو میں "پ" کے "ب" کی طرح 2 عدد مقرر ہیں اوریہ ایک مونث حرف ہے۔
"پ"، اردو/پنجابی (پے) اور فارسی (پَھ) کا تیسرا جبکہ صوتی اعتبار سے اردو کا 5واں حرف ہے۔ ہندی حروفِ تہجی میں 21واں प (پا) جبکہ انگریزی/رومن میں 16واں حرف P ہے۔
کیا "پ" کا حرف فارسی سے آیا؟
"پ" کا حرف برصغیر پاک و ہند کی سبھی زبانوں میں ہمیشہ سے بولا جاتا رہا ہے، اس لیے اس کو فارسی حرف کہنا غلط ہے۔ البتہ عربی حروفِ تہجی میں پہلی ترمیم "پ" ہی سے ہوئی جو ظاہر ہے کہ اہلِ فارس ہی نے کی تھی لیکن ان کا تلفظ "پھ" تھا۔ ہندوستانی زبانوں میں "پ" اور "پھ" الگ الگ حروف ہیں البتہ اردو/پنجابی میں "پ" ایک مفرد اور "پھ" ایک مرکب اور ہائیہ حرف ہے۔
"پ" کی خصوصیات
- علمِ ہجا میں "پ" کو "بائے فارسی" یا "بائے عجمی" بھی کہا جاتا ہے۔ یہ "حروفِ شفویہ" (ب، بھ، پ، پھ، ف، م، و) میں شمار ہوتا ہے یعنی وہ حروف جو ہونٹوں کی حرکت (Labial) سے ادا ہوتے ہیں۔
- فنِ خطاطی میں "پ"، ایک "فرشی حرف" ہے جو خطِ نستعلیق میں درمیانی دو لائنوں میں لکھا جاتا ہے۔
پھ
پھے (Phay)، اردو/پنجابی حروفِ تہجی کا تیسرا مرکب اور دوسرا ہائیہ حرف ہے جس کی ادائیگی "پ" کی طرح ہونٹوں کے ملانے (Labial) سے ہوتی ہے۔
صوتی اعتبار سے "پھ"، اردو کا چھٹا حرف ہے جو ہندی کے 22ویں مفرد حرف फ (پھا) کا ہم آواز ہے جس پر ایک ڈاٹ، بندی یا نقطہ لگا کر "ف" फ़ (فا) بنا لیا جاتا ہے جو ہندی زبان میں استعمال نہیں ہوتا۔ انگریزی/رومن میں "پھ" کو Ph کے ساتھ لکھا جاتا ہے جو F کی آواز بھی دیتا ہے۔
سندھی حروفِ تہجی میں "ف" پر چار نقطے ڈال کر "پھ" کا حرف بنایا جاتا ہے۔
تازہ ترین
پاکستان کی تاریخ پر ایک منفرد ویب سائٹ
پاک میگزین ، پاکستان کی سیاسی تاریخ پر ایک منفرد ویب سائٹ ہے جس پر سال بسال اہم ترین تاریخی واقعات کے علاوہ اہم شخصیات پر تاریخی اور مستند معلومات پر مبنی مخصوص صفحات بھی ترتیب دیے گئے ہیں جہاں تحریروتصویر ، گرافک ، نقشہ جات ، ویڈیو ، اعدادوشمار اور دیگر متعلقہ مواد کی صورت میں حقائق کو محفوظ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
2017ء میں شروع ہونے والا یہ عظیم الشان سلسلہ، اپنی تکمیل تک جاری و ساری رہے گا، ان شاءاللہ
-
01-07-2003: پاکستان کا بجٹ 2003/4
10-01-1966: معاہدہ تاشقند
20-03-1970: لیگل فریم ورک آرڈر