حروفِ تہجی کی تاریخ
ے
"بڑی یے (ے)"، (Bari Yeh)، اردو/پنجابی زبانوں کا ایک مخصوص، اضافی اور آخری حرف ہے جو "الف"، "واؤ" اور "چھوٹی یے (ی)" کے بعد چوتھا حروفِ علت/مصوتہ" (long vowel) ہے۔
"بڑی یے (ے)" کی تاریخ
19ویں صدی کے آغاز تک اردو زبان میں "بڑی یے (ے)" کا حرف نہیں ہوتا تھا اور اس کی جگہ "چھوٹی یے (ی)" کو استعمال کرنا پڑتا تھا۔ عام الفاظ مثلاً "ہے" کو "ہی"، "کے" کو "کی" اور "نے" کو "نی" وغیرہ لکھنا پڑتا تھا جو قاری کے لیے بڑا مشکل ہوتا تھا۔
اردو زبان کی بنیاد یعنی ہندی زبان میں "بڑی یے (ے)" کو صرف vowel کی صورت میں لکھا جاتا ہے جو کسی لفظ کے آغاز میں "اے" ए کی آواز دیتا ہے اور درمیان یا آخر میں حرف کے اوپر ایک کش یا ماترا لگا دی جاتی ہے۔
انگلش یا رومن میں "بڑی یے (ے)" کی آواز لفظ کے درمیان میں a,e,ai,ea وغیرہ اور لفظ کے آخر میں ay سے لکھا جاتا ہے، جیسا کہ Railway یا takeaway وغیرہ میں۔ بھارت میں رومن لکھتے وقت "بڑی یے (ے)" کے لیے عام طور پر آخر میں صرف e لکھ دیا جاتا ہے جو شاید مناسب نہیں، کیونکہ اب Lahore کو "لاہورے" تو نہیں پڑھا جائے گا۔۔!
دلچسپ بات یہ ہے کہ بھارت کی ایک مشہورِ زمانہ فلم شعلے (1975) کو رومن میں Sholay ہی لکھا گیا ہے، Shole نہیں۔۔!
"بڑی یے (ے)" کا استعمال
"بڑی یے (ے)"، اردو/پنجابی (بڑی/وڈی یے) حروفِ تہجی کا 37واں اور صوتی اعتبار سے 54واں اور آخری حرف ہے جو صرف ایک حروفِ علت یا مصوتہ ہے جس سے "ڑ"، "دوچشمی ھ"،"نون غنہ ( ں)" اور "ہمزہ (ء)" کی طرح کوئی لفظ شروع نہیں ہوتا اور یہ صرف لفظ کے آخر میں آتا ہے۔
"بڑی یے (ے)"، اردو کے علاوہ پنجابی، بروہی اور شینا زبانوں میں ہے۔ سرائیکی میں دو "بڑی یے (ے)" ہیں لیکن سندھی میں بھی یہ حرف نہیں ملتا۔ پشتو کی پانچ "چھوٹی یے (ی)" میں سے ایک کی آواز "بڑی یے (ے)" کی ہے۔
کیا فارسی اور عربی میں "بڑی یے (ے)" ہے؟
اردو حروفِ تہجی، فارسی/عربی زبانوں سے ماخوذ ہے جن میں "بڑی یے (ے)" نہیں ملتی لیکن ہمارے ہاں پھر بھی ان زبانوں کے مستعار الفاظ میں "بڑی یے (ے)" بولی جاتی ہے جیسا کہ ایک کتاب کے اردو تعارف میں "ترجمہ ہائے متون فارسی بہ زبان ہائے پاکستانی" لکھا ہوا ہے لیکن اس کتاب کے سرورق پر یہی عبارت فارسی زبان میں "بڑی یے (ے)" کی بجائے "چھوٹی یے (ی)" سے کچھ اس طرح سے لکھی ہوئی ملتی ہے:
- "ترجمہ ھای متون فارسی بہ زبان ھای فارسی"
"بڑی یے (ے)" اور "زیر" کا فرق
ہمارے ہاں عربی اور فارسی کے الفاظ کے آخر میں لکھی گئی "زیر" کو "بڑی یے (ے)" سے پڑھا جاتا ہے، مثلاً "جنگِ آزادی" کو "جنگے آزادی" پڑھا جاتا ہے جو غلط العام ہو چکا ہے۔
تلاوتِ قرآن مجید میں البتہ احتیاط کرنا چاہیے جہاں حسبِ عادت ہم "مَالِكِ يَوْمِ الدِّينِ" کو "مالکے یوم الدین" پڑھتے ہیں۔ عربی زبان میں "زیر" کا تلفظ ہمیشہ ایک"چھوٹی یے (ی)" کا آدھ ہوتا ہے جیسا کہ ایک "زبر"، الف کی آدھی آواز دیتا ہے۔
عربی زبان میں الفاظ کے صحیح تلفظ کے لیے مختلف اعراب و علامات (مثلاً زبر، زیر، پیش، مد، جزم، شد وغیرہ) کے علاوہ تین لمبے مصوتے یا حروفِ علت (long vowels) "الف"، "و" اور "ی" بھی ہیں لیکن "بڑی یے (ے)" کا حرف نہیں ہے البتہ اگر "چھوٹی یے (ی)" سے پہلے کے حرف پر "زبر" ہو تو "بڑی یے (ے)" کی آواز بنتی ہے جیسے کہ "عین" کا لفظ ہے۔ لیکن یہ صرف لفظ کے درمیان میں ہوتا ہے، آخر میں نہیں۔ بعض عرب علاقوں میں "قرآن" کو "قرین" پڑھتے ہیں جس میں ہمزہ کا استعمال بھی کرتے ہیں۔
"بڑی یے (ے)" کی خصوصیات
- علم ہجا میں "بڑی یے (ے)" کو "یائے" یا "چھوٹی یے (ی)" ہی سمجھا جاتا ہے جس کو اگر "پوشیدہ زیر" کے ساتھ لفظ "سیر" یا सेर) Ser) میں لکھا جائے تو "یائے مجہول" کہلاتا ہے اور اگر "نرم اور ترچھی زبر" کے ساتھ لفظ"سَیر" یا सैर) Sair) میں لکھا جائے تو "یائے لین" کہلاتا ہے۔
- فنِ خطاطی میں "بڑی یے (ے)"، ایک "فرشی حرف" ہے جو خطِ نستعلیق میں درمیان کی دو لائنوں میں لکھا جاتا ہے۔
فنِ خطاطی میں بعض اہل فارس خطاط، "بڑی یے (ے)" بھی لکھتے ہیں مثلاً "علی" کو "علے" لکھا ہوا ملتا ہے لیکن یہ صرف خوبصورتی اور جدت کے لیے ہوتا ہے۔
ہمارے ہاں فارسی کی اندھی تقلید ہوتی رہی ہے لیکن چونکہ ہماری حروفِ تہجی میں "بڑی یے (ے)" کی اپنی الگ شناخت ہے، اس لیے بعض خطاط حضرات، اپنے فن پاروں میں "ے" کے نیچے دو نقطے اور ان کے نیچے ایک "کھڑی زیر" لکھ دیتے تھے جس کا مطلب یہ ہوتا تھا کہ اس کو "بڑی یے (ے)" نہیں "چھوٹی یے (ی)" ہی پڑھا جائے۔۔!
پاک میگزین، ایک منفرد ویب سائٹ
پاک میگزین پر پاکستان کے سال بسال اہم ترین تاریخی اور سیاسی واقعات کے علاوہ پاکستانی زبانوں کا ڈیٹا بیس، حروفِ تہجی کی تاریخ اور پاکستان کی فلمی تاریخ پر نایاب معلومات دستیاب ہیں۔
پاکستان کی سیاسی تاریخ
-
06-06-1972: بھٹو کی عمرہ کی ادائیگی
28-08-1947: پہلی کشمیر جنگ 1948ء
05-06-1993: میجر جنرل محمد اکبر خان
پاکستان کے اہم تاریخی موضوعات
تاریخِ پاکستان کی اہم ترین شخصیات
تاریخِ پاکستان کے اہم ترین سنگِ میل
پاکستان کی اہم معلومات
چند مفید بیرونی لنکس
پاک میگزین کی پرانی ویب سائٹس
"پاک میگزین" پر گزشتہ پچیس برسوں میں مختلف موضوعات پر مستقل اہمیت کی حامل متعدد معلوماتی ویب سائٹس بنائی گئیں جو موبائل سکرین پر پڑھنا مشکل ہے لیکن انھیں موبائل ورژن پر منتقل کرنا بھی آسان نہیں، اس لیے انھیں ڈیسک ٹاپ ورژن کی صورت ہی میں محفوظ کیا گیا ہے۔




