پاک میگزین پر تاریخِ پاکستان
بدھ 25 مارچ 1992
پاکستان ، کرکٹ کا عالمی چیمپئن بنا
کپتان عمران خان
پاکستان ، کرکٹ کا عالمی چیمپئن بنا۔۔!
25 مارچ 1992ء کو ملبورن (آسٹریلیا) میں 5ویں کرکٹ وؤلڈ کپ کا فائنل کھیلا گیا جس میں پاکستان نے انگلینڈ کو 22 رنز سے ہرا کر پہلی بار کرکٹ کا عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
فائنل میچ
فائنل میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں پر 249 رنز بنائے تھے۔ کپتان عمران خان کے 72، نائب کپتان جاوید میانداد کے 58 ، انضمام الحق کے 42 جبکہ مین آف دی میچ وسیم اکرم کے 33 رنز تھے جنھوں نے 3 اہم وکٹیں لے کر جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ انگلینڈ کی ٹیم 227 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی جبکہ 4 گیندیں ابھی باقی تھیں۔ مشتاق احمد کی 3 ، عاقب جاوید کی 2 اور عمران خان کی ایک وکٹ تھی۔
سیمی فائنل میچ
اس سے قبل سیمی فائنل میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو آکلینڈ میں 4 وکٹوں سے غیرمتوقع شکست دے دی تھی۔ فتح گر انضمام الحق تھے جنھوں نے صرف 37 گیندوں پر 60 رنز بنائے تھے۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں پر 262 رنز بنائے تھے۔ وسیم اکرم اور مشتاق احمد نے دو دو وکٹیں لی تھیں۔ جواب میں پاکستان نے اپنا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر ایک اوور پہلے ہی پورا کر لیا تھا۔ انضمام الحق کے علاوہ جاوید میانداد 57، عمران خان 44 اور رمیز راجہ 44 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے تھے۔
پاکستان ، وؤلڈ کپ میں
پاکستان کا وؤلڈ کپ میں سفر کوئی اتنا آسان نہیں تھا بلکہ "رمضان المبارک کی برکت اور قوم کی دعاؤں" کا نتیجہ تھا کہ پاکستان ، کرکٹ کا عالمی کپ جیت گیا تھا۔ آٹھ لیگ میچوں میں سے چار جیتے ، تین ہارے اور ایک بے نتیجہ رہا جو فیصلہ کن ثابت ہوا۔
- 23 فروری 1992ء کو پاکستان ، اپنا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف دس وکٹوں سے ہارا۔
- 27 فروری 1992ء کو پاکستان نے زمبابوے کو 53 رنز سے شکست دی۔
- یکم مارچ 1992ء کو پاکستان ، انگلینڈ کے خلاف صرف 74 رنز پر آؤٹ ہو کر ایک یقینی شکست سے بچ گیا جب بارش نے میچ غیر فیصلہ کن کر دیا۔
- 4 مارچ 1992ء کو پاکستان ، روایتی حریف بھارت سے 43 رنز سے ہارا۔
- 8 مارچ 1992ء کو جنوبی افریقہ نے بھی پاکستان کو 20 رنز سے ہرا دیا۔
- 11 مارچ 1992ء کو پاکستان نے آسٹریلیا کو 48 رنز سے ہرا کر چھ میچوں میں دوسری فتح حاصل کی۔
- 15 مارچ 1992ء کو پاکستان نے سری لنکا کو بھی 4 وکٹوں سے ہرا دیا۔
- 17 مارچ 1992ء کو پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے ہرا کر سیمی فائنل کی جگہ پکی کر لی۔
- 20 مارچ 1992ء کو پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے ہرا کر فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔
- 25 مارچ 1992ء کو پاکستان نے انگلینڈ کو 22 رنز سے ہرا کر کرکٹ کا عالمی کپ جیت لیا۔
پاکستان کی وؤلڈ کپ ٹیم
عمران خان (کپتان) ، جاوید میانداد (نائب کپتان) ، رمیز راجہ ، عامر سہیل ، زاہد فضل (اوپنرز) ، سلیم ملک ، انضمام الحق ، اعجاز احمد (بیٹسمین) ، معین خان (وکٹ کیپر) ، وسیم اکرم ، عاقب جاوید ، وسیم حیدر (فاسٹ باؤلرز) ، مشتاق احمد ، اقبال سکندر (سپنرز) اور مینجر انتخاب عالم
World Cup Cricket ceremony
Wednesday, 25 March 1992
Pakistan won the World Cricket Tournament on March 25, 1992..
World Cup Cricket ceremony (video)
Credit: M.T. Chaudhry
پاکستان کی تاریخ پر ایک منفرد ویب سائٹ
پاک میگزین ، پاکستان کی سیاسی تاریخ پر ایک منفرد ویب سائٹ ہے جس پر سال بسال اہم ترین تاریخی واقعات کے علاوہ اہم شخصیات پر تاریخی اور مستند معلومات پر مبنی مخصوص صفحات بھی ترتیب دیے گئے ہیں جہاں تحریروتصویر ، گرافک ، نقشہ جات ، ویڈیو ، اعدادوشمار اور دیگر متعلقہ مواد کی صورت میں حقائق کو محفوظ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
2017ء میں شروع ہونے والا یہ عظیم الشان سلسلہ، اپنی تکمیل تک جاری و ساری رہے گا، ان شاءاللہ
-
15-08-1947: لیاقت علی خان
05-04-1979: بھٹو کا غائبانہ نماز جنازہ
20-03-2022: ریکوڈک منصوبہ