پاک میگزین پر تاریخِ پاکستان
اتوار 10 مارچ 2024
آصف علی زرداری
آصف علی زرداری
دوبارہ صدر بننے والے
پہلے سیاستدان ہیں
آصف علی زرداری ، دوسری مرتبہ صدرِ پاکستان بننے والی پہلی شخصیت ہیں۔۔!
8 فروری 2024ء کے انتخابات کے نتیجہ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اور سابق صدر ، آصف علی زرداری ، 69 سال کی عمر میں ایک بار پھر صدرِ مملکت ، منتخب ہوئے۔
9 مارچ 2024ء کو انھیں صدارتی انتخاب میں 411 وؤٹ ملے۔ ان کے مدمقابل، "سنی اتحاد کونسل" ( یا تحریک انصاف) کے امیدوار محمود اچکزئی کو 180 وؤٹ ملے۔
10 مارچ 2024ء کو پاکستان سپریم کورٹ کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ان سے پاکستان کے 14ویں صدر کے عہدہ کا حلف لیا۔ گارڈ آف آنر کے بعد وہ ایک بار پھر قصرِ صدارت میں براجمان ہوگئے۔
زرداری کا منفرد ریکارڈ
آصف علی زرداری ، قبل ازیں 2008ء سے 2013ء تک پاکستان کے 11ویں صدر رہے۔ اس طرح سے پاکستان کی تاریخ کی پہلی شخصیت ہیں جو دوسری مرتبہ صدر کے عہدہ پر منتخب ہوئی۔ گو ان سے قبل جنرل ایوب خان ، 1958ء سے 1969ء تک مسلسل ساڑھے دس سال ، جنرل ضیاع مردود ، 1978ء سے 1988ء تک ، مسلسل دس سال اور جنرل پرویز مشرف ، 2001ء سے 2008ء تک مسلسل سات سال تک عہدہ صدارت پر قابض رہے لیکن وہ آمر تھے جو عوام اور عوامی نمائندوں کے منتخب شدہ نہیں تھے۔
موروثی سیاست ، زندہ باد
پاکستان میں آج کل ان لوگوں پر بڑا کڑا وقت ہے جو موروثی سیاست کے خلاف ہیں۔ لیکن انسانی اور اسلامی تاریخ میں موروثیت کا بڑا گہرا اثر رہا ہے۔ آصف علی زرداری کی مرحوم بیوی ، بے نظیر بھٹو ، دو مرتبہ وزیراعظم منتخب ہوئیں اور عالمِ اسلام کی پہلی خاتون وزیرِاعظم کا اعزاز حاصل کیا۔
یہ اعزاز بے نظیر کو صرف اس لیے ملا کہ اس کے نام کے ساتھ "بھٹو" آتا تھا۔ یہاں تک کہ آصف علی زرداری کا بیٹا " بلاول بھی اپنے نام کے ساتھ "بھٹو" لکھنے پر مجبور ہوا اور نہ صرف ایک بڑی پارٹی کا سربراہ بنا بلکہ 2023ء میں پاکستان کا وزیرخارجہ بھی بنا۔
آصف علی زرداری کو دوبارہ صدر بننے کا شاید اعزاز حاصل نہ ہوتا اگر وراثت میں اس کے سسر ، ذوالفقار علی بھٹوؒ کا نام نہ آتا جس نے تاریخِ پاکستان پر بڑے گہرے اثرات مرتب کیے تھے۔ پاکستان کی تاریخ میں کوئی دوسرا لیڈر اس کا ہم پلہ نہیں۔ اس نے سبھی بڑے بڑے عہدوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔ صدر ، وزیراعظم ، وزیرخارجہ ، سپیکر ، افواجِ پاکستان کے سالارِ اعظم ، مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر ، وزیرِ دفاع ، داخلہ ، اطلاعات و نشریات ، تجارت ، امور کشمیر ، پانی و بجلی وغیرہ۔۔ دوبار وزیراعظم بھی بنا اور بے گناہ پھانسی چڑھ کر شہادت کی عظیم موت پا کر امر ہوگیا۔
Asif Ali Zardari
Sunday, 10 March 2024
Asif Ali Zardar was elected as President of Pakistan on March 10, 2024..
پاکستان کی تاریخ پر ایک منفرد ویب سائٹ
پاک میگزین ، پاکستان کی سیاسی تاریخ پر ایک منفرد ویب سائٹ ہے جس پر سال بسال اہم ترین تاریخی واقعات کے علاوہ اہم شخصیات پر تاریخی اور مستند معلومات پر مبنی مخصوص صفحات بھی ترتیب دیے گئے ہیں جہاں تحریروتصویر ، گرافک ، نقشہ جات ، ویڈیو ، اعدادوشمار اور دیگر متعلقہ مواد کی صورت میں حقائق کو محفوظ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
2017ء میں شروع ہونے والا یہ عظیم الشان سلسلہ، اپنی تکمیل تک جاری و ساری رہے گا، ان شاءاللہ
-
24-10-1947: آزاد کشمیر حکومت کا قیام
04-04-1965: رن آف کچھ کا تنازعہ
15-08-1947: پاکستان کا پہلا دن