Moin Qureshi was caretaker Prime Minister of Pakistan in 1993..
اہل پاکستان کو اپنی 75 سالہ تاریخ میں متعدد بار بڑی شدت کے ساتھ یہ احساس اور شک ہوا کہ ہم کتنے آزاد اور خودمختار ہیں۔ اپنے ایک معتبر اور قابل احترام ادارے کے کچھ جاہ طلب اور مفاد پرست افراد کے آئین و قانون کی دھجیاں بکھیرنے کے علاوہ ایسے افراد کو بھی اس ملک پر مسلط ہوتے دیکھا جنھیں دور دور تک کوئی نہیں جانتا تھا۔
ایسے ہی "امپورٹڈ" حکمرانوں میں سے ایک معین قریشی کا ذکر ملتا ہے جنھیں 18 جولائی 1993ء کو پاکستان کا نگران وزیراعظم بنایا گیا تو مقتدر حلقوں کے سوا انھیں کوئی نہیں جانتا تھا۔ بڑی منفرد صورتحال پیدا ہوچکی تھی جب صدر غلام اسحاق خان اور وزیراعظم نواز شریف کی بیک وقت چھٹی کروا دی گئی تھی اور اگلی حکومت کے لیے جو سیٹ اپ بنایا گیا تھا اس میں وؤلڈ بینک کے ایک سابق نائب صدر کو پاکستان کا نگران وزیراعظم بنایا گیا تھا۔ اس عہدے پر وہ ، 19 اکتوبر 1993ء تک رہے تھے۔ آرمی چیف جنرل عبدالوحید کاکڑ اور جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے چیئرمین جنرل شمیم عالم نے یہ سارا بندوبست کیا تھا۔ 1990ء کی دھائی میں سیاسی عدم استحکام کا یہ عالم تھا کہ ایک سال میں وزارت عظمیٰ کے عہدے پر 5 اور صدر کے عہدے پر 3 افراد متمکن ہوئے تھے۔
معین الدین احمد قریشی ، ایک ماہر اقتصادیات اور وؤلڈ بینک کے نائب صدر تھے۔ 26 جون 1930ء کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد ، برطانوی حکومت میں سرکاری ملازم تھے۔ لاہور کے اسلامیہ کالج میں تعلیم حاصل کی اور گورنمنٹ کالج سے معاشیات میں بی اے اور پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے کی ڈگری حاصل کی۔ 1955ء میں انڈیانا یونیورسٹی امریکہ سے معاشیات میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ اسی سال پاکستان واپس آئے اور پلاننگ کمیشن میں تعینات ہوئے۔ 1956 میں انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (IMF) میں شمولیت کے لیے امریکہ چلے گئے۔ 1974 سے 1977 تک عالمی آپریشنز کی نگرانی کی جس میں پرائیویٹ انٹرپرائزز اور سرمایہ کاری کی فنانسنگ شامل تھی۔ 1981 میں اگلے دس سال تک وؤلڈ بینک کے سینئر نائب صدر بنے۔ 1991ء میں ریٹائر ہوئے اور امریکہ ہی میں مقیم تھے۔ 23 نومبر 2016ء کو انتقال ہوا اور واشنگٹن میں دفن ہوئے۔
پاک میگزین ، پاکستانی تاریخ پر اردو میں ایک منفرد ویب سائٹ ہے جس پر اہم تاریخی واقعات کو بتاریخ سالانہ ، ماہانہ ، ہفتہ وارانہ ، روزانہ اور حروفانہ ترتیب سے چند کلکس کے نیچے پیش کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں اہم ترین واقعات اور شخصیات پر تاریخی اور مستند معلومات پر مخصوص صفحات ترتیب دیے گئے ہیں جہاں تصویر و تحریر ، ویڈیو اور دیگر متعلقہ مواد کی صورت میں محفوظ کیا گیا ہے۔ یہ سلسلہ ایک انفرادی کاوش اور فارغ اوقات کا بہترین مشغلہ ہے جو اپنی تکمیل تک جاری و ساری رہے گا ، ان شاء اللہ۔۔!
پاکستانی فلموں ، فنکاروں اور فلمی گیتوں پر ایک منفرد اور معلوماتی سلسلہ