پاک میگزین پر تاریخِ پاکستان
جمعتہ المبارک 17 اپریل 1953
محمد علی بوگرا
محمدعلی بوگرا، پاکستان کے پہلے کٹھ پتلی وزیرِاعظم تھے۔۔!
پاکستان کے تیسرے گورنر جنرل، پنجابی نژاد ملک غلام محمد نے اپنے غیر معمولی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے 17 اپریل 1953ء کو پہلے بنگالی نژاد وزیراعظم خواجہ ناظم الدین کو برطرف کرکے ان کی جگہ ایک اور بنگالی نژاد محمدعلی بوگرا کو نیا وزیر اعظم نامزد کردیا تھا۔
بوگرا صاحب، اس وقت تک امریکہ میں پاکستان کے سفیر تھے اور چھٹیوں پر پاکستان آئے ہوئے تھے یا پلان کے مطابق لائے گئے تھے۔۔!
پہلے کٹھ پتلی وزیراعظم
پاکستان کے پہلے کٹھ پتلی وزیر اعظم بننے کے بعد محمدعلی بوگرا کو صوبائی اسمبلیوں کے اراکین سے مجلس دستور ساز کا رکن بھی "منتخب" کروا لیا گیا تھا۔
24 اکتوبر 1954ء کو ملک غلام محمد نے پہلی دستور ساز اسمبلی توڑ دی لیکن بوگرا صاحب کو وزیر اعظم کے عہدے پر برقرار رکھا گیا۔ 7 جولائی 1955ء تک محمدعلی بوگرا ایک ایسی حکومت کے سربراہ رہے جس کی اپنی کوئی اسمبلی نہیں تھی۔ اس کی شاید ضرورت بھی نہیں تھی کیونکہ ایک حاضر سروس آرمی چیف جنرل ایوب خان کو وزارت دفاع کا قلمدان سونپ دیا گیا تھا جو اصل میں عقلِ کل اور مختارِ کل بھی تھے۔
امریکہ سے فوجی معاہدہ
پاکستان کے پہلے ڈمی پرائم منسٹر محمدعلی بوگرا کے دور کا سب سے اہم واقعہ آرمی چیف جنرل ایوب خان کا اپنے طور پر امریکہ کے ساتھ ایک بھرپور فوجی معاہدہ کرنا تھا۔ مئی 1954ء میں ہونے والے اس تاریخی معاہدے کے تحت نہ صرف امریکہ کو پاکستانی سرزمین پر فوجی اڈے دیے گئے بلکہ روس کے خلاف مختلف دفاعی معاہدوں میں شرکت بھی کی گئی تھی۔ اس کے عوض پاکستان کو بھاری فوجی اور اقتصادی امداد ملی تھی۔
اسی تناظر میں دیکھیں تو 24 جولائی 1954ء کو ایک غیر اہم سیاسی جماعت ، کمیونسٹ پارٹی آف پاکستان پر جو پابندی لگائی گئی تھی ، وہ کسی طور بھی حیرت کا باعث نہیں تھی۔
ون یونٹ کا قیام
بوگرا حکومت کا دوسرا بڑا "کارنامہ" ون یونٹ کے قیام کی راہ ہموار کرنا تھا جس سے مشرقی پاکستان کی عددی برتری کو ختم کیا گیا اور اسی پیریٹی پر 1956ء میں پہلا غیرمتفقہ آئین بھی بنایا گیا۔
بنگالیوں کی اکثریت کے خلاف اس احمقانہ اقدام پر زبان بندی کے لیے 7 مئی 1954ء کو بنگالی زبان کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ دیا گیا جس سے اردو بولنے والوں میں سخت اشتعال پھیلا تھا۔ انھیں مطمئن کرنے کے لیے عرصہ نو سال بعد پاکستان کا قومی ترانہ منظور کیا گیا جس کے بارے میں دعویٰ کیا جاتا ہے کہ سارے کا سارا اردو زبان میں ہے۔ گویا "دوسری قومی زبان" بنگالی کا پاکستان کے قومی ترانہ میں کوئی عمل دخل نہیں تھا، پاکستان کی دیگر علاقائی زبانوں کی تو کوئی اہمیت تھی ہی نہیں۔۔!
ناقابل معافی گستاخی
11 اگست 1955ء کو ون یونٹ کی بنیاد پر قائم ہونے والی نئی اسمبلی اور نئی وفاداریوں کے بعد بوگرا صاحب کی ضرورت باقی نہیں رہی تھی۔ موصوف نے اپنی اوقات بھولتے ہوئے گورنر جنرل کے اسمبلی برخاست کرنے کے اختیارات کو ختم کرنے کی گستاخی کی۔ سزا کے طور پر پاکستان کی وزارت عظمیٰ کے عہدے سے ہٹا کر ایک بار پھر امریکا میں پاکستان کے سفیر مقرر کر دیے گئے تھے۔
پاکستان کے وزیرخارجہ
پرانی وفاداریوں اور خدمات کے عوض 13 جون 1962ء سے 23 جنوری 1963ء کو اپنے انتقال تک محمدعلی بوگرا ، جنرل ایوب خان کی حکومت کے وزیر خارجہ بھی رہے تھے۔ اس دوران اکتوبر 1962ء میں بھارت اور چین کی جنگ ہوئی جس میں پاکستان کے اتحادی ممالک ، امریکہ اور برطانیہ نے دل کھول کر بھارت کی جنگی اور مالی مدد کی تھی لیکن وزیرخارجہ محمدعلی بوگرا بے اثر ثابت ہوئے تھے۔
محمدعلی بوگرا کون تھے؟
محمدعلی بوگرا، 10 اکتوبر 1909ء کو ایک مالدار اور بااثر سیاسی خاندان میں بوگرا (بنگلہ دیش) کے مقام پر پیدا ہوئے تھے۔ کلکتہ یونیورسٹی سے 1930 میں پولیٹیکل سائنس میں ڈگری لی تھی- 1937ء میں آل انڈیا مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ 1940 کی دہائی میں اس وقت کے وزیر اعظم حسین شہید سہروردی کی بنگال کی صوبائی کابینہ میں شمولیت اختیار کی۔ 1947 میں قیام پاکستان کے بعد وزارت خارجہ میں شمولیت اختیار کی اور برما (1948) ، کینیڈا (52ـ1949) اور امریکہ میں سفیر رہے۔ 1962ء میں بوگرا کے حلقے سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔
محمدعلی بوگرا نے دو شادیاں کی تھیں ، پہلی بیوی بیگم حمیدہ محمدعلی تھی ، جن سے دو بیٹے تھے۔ بعد میں انہوں نے 1955ء میں عالیہ سیڈی نامی خاتون سے شادی کی تھی۔ 23 جنوری 1963ء کو ڈھاکہ میں وفات پاگئے تھے۔
Mohammad Ali Bogra as Prime Minister..!
Friday, 17 April 1953
Pakistan Ambassador in USA, Mohammad Ali Bogra became Prime Minister of Paksitan on April 17, 1953..
پاکستان کی تاریخ پر ایک منفرد ویب سائٹ
پاک میگزین ، پاکستان کی سیاسی تاریخ پر ایک منفرد ویب سائٹ ہے جس پر سال بسال اہم ترین تاریخی واقعات کے علاوہ اہم شخصیات پر تاریخی اور مستند معلومات پر مبنی مخصوص صفحات بھی ترتیب دیے گئے ہیں جہاں تحریروتصویر ، گرافک ، نقشہ جات ، ویڈیو ، اعدادوشمار اور دیگر متعلقہ مواد کی صورت میں حقائق کو محفوظ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
2017ء میں شروع ہونے والا یہ عظیم الشان سلسلہ، اپنی تکمیل تک جاری و ساری رہے گا، ان شاءاللہ
-
22-12-1976: چھٹی آئینی ترمیم: ججوں کی ریٹائرمنٹ
02-03-1963: پاک چین سرحدی معاہدہ
25-03-1979: بھٹو کے حق میں مظاہرے