پاک میگزین پر تاریخِ پاکستان
منگلوار، 20 مئی 2025ء
فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر

جنرل سید عاصم منیر، پاکستان کے دوسرے "فیلڈ مارشل" بنے۔۔!
حکومتِ پاکستان نے حالیہ پاک بھارت چارروزہ جنگ میں شاندار کارکردگی کی بنیاد پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو پاک فوج کے سب سے بڑے عہدے "فیلڈ مارشل" کے اعزاز سے نوازا۔
وہ، دوسرے پاکستانی فوجی افسر ہیں جنھیں یہ اعزا ملا، ان سے قبل یہ اعزاز صرف سابق صدر اور آرمی چیف جنرل محمد ایوب خان کو حاصل تھا۔
سرکاری بیان
20 مئی 2025ء کو وزیر اعظم آفس سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ
- "چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے مثالی جرات اور عزم کے ساتھ حالیہ چار روزہ پاک بھارت جنگ میں پاکستان فوج کی قیادت کی اور مسلح افواج کی جنگی حکمتِ عملی اور کاوشوں کو بھرپور طریقے سے ہم آہنگ کیا۔ ان کی بے مثال قیادت کی بدولت پاکستان کو معرکہ حق میں تاریخی کامیابی حاصل ہوئی اور شاندار عسکری قیادت، جرات، اور بہادری، پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کو یقینی بنانے اور دشمن کے مقابلے میں دلیرانہ دفاع کے اعتراف کے طور پر انھیں فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی وزیرِ اعظم کی تجویز کابینہ نے منظور کر لی ہے۔"
"فیلڈ مارشل" کا عہدہ کیا ہے؟
برطانوی فوجی نظام کی طرز پر "فیلڈ مارشل" فائیو سٹار، ایک اعزازی عہدہ ہے جو مسلح افواج کے دیگر سبھی اعلیٰ عہدوں مثلاً آرمی چیف، ایر مارشل یا چیف آف نیول سٹاف وغیرہ پر حاوی ہوتا ہے اور تاحیات ہوتا ہے۔ قانون کے مطابق، اس میں کسی قسم کے اضافی اختیارات یا مالی مفادات کی مزیدمراعات نہیں ہوتیں۔ یہ اعزاز، کسی جرنیل کی اعلیٰ خدمات کے اعتراف کے طور پر دیا جاتا ہے جیسا کہ بھارت میں دو جرنیلوں کو ملا لیکن ریٹائرمنٹ کے بعد جبکہ پاکستان میں دونوں بار حاضر سروس آرمی چیفس کو ملا۔
پہلے فیلڈ مارشل جنرل محمد ایوب خان
17 جنوری 1951ء کو پاکستان کے تیسرے جبکہ پہلے مسلمان آرمی چیف بننے والے جنرل ایوب خان، پہلے "فیلڈ مارشل" بھی تھے جنھیں یہ اعزاز ان کی "صدارتی کابینہ" نے 27 اکتوبر 1959ء کو "انقلاب" کی پہلی سالگرہ کے موقع پر دیا۔ اس وقت وہ صدرِ مملکت، مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر، آرمی چیف اور پاکستان کے سیاہ و سفید کے مالک بھی تھے اور "پاکستان کے نجات دہندہ" کے طور پر مشہور تھے یا کیے گئے تھے۔
جنرل ایوب خان کے "فیلڈ مارشل" بننے کے بعد جنرل موسیٰ خان کو نیا آرمی چیف بنایا گیا جو ایک گمنام آرمی چیف ثابت ہوئے کیونکہ 1965ء کی جنگ تک جنرل ایوب، فوجی وردی میں نظر آئے اور جنگ میں کامیابی کا سارا کریڈٹ بھی لیتے رہے۔
دوسرے فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر
پاکستان کے دوسرے "فیلڈ مارشل" جنرل سید عاصم منیر، پاکستان کے 11ویں آرمی چیف ہیں جو 29 نومبر 2022ء کو اپنی ریٹائرمنٹ کے صرف تین دن پہلے چیف آف آرمی سٹاف (COAS) کے عہدے پر فائز ہوئے۔ نومبر 2024ء میں پارلیمنٹ نے بغیر کسی بحث و تمحیص کے اور سینٹ نے صرف 16 منٹ میں ان کی مدتِ ملازمت تین کی بجائے پانچ سال کردی جو اب "تا حیات" ہوچکی ہے۔۔!
جنرل عاصم منیر، ISI کے 28 ویں ڈائریکٹر جنرل بھی رہے اور پاکستان کی تاریخ کے واحد آرمی چیف ہیں جو اس سے قبل پاکستان کی دونوں اہم ملٹری انٹیلی جنس ایجنسیوں، یعنی انٹر سروسز انٹیلی جنس (ISI) اور ملٹری انٹیلی جنس (MI) کے سربراہ رہ چکے ہیں۔
جنرل عاصم منیر کا پس منظر
جنرل عاصم منیر، جالندھر سے تعلق رکھنے والے ایک پنجابی سید خاندان میں 1968ء میں راولپنڈی کے مقام پر ایک امام مسجد کے ہاں پیدا ہوئے اور اسی لیے حافظِ قرآن بھی ہیں۔ ابتدائی تعلیم راولپنڈی میں حاصل کی اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، اسلام آباد سے گریجویشن کیا جہاں پبلک پالیسی اور اسٹریٹجک سیکیورٹی مینجمنٹ میں ایم فل کی ڈگری حاصل کی۔
جنرل عاصم منیر نے اپنے فوجی کیریئر کا آغاز 25 اپریل 1986ء کو سیکنڈ لیفٹیننٹ کے طور پر کیا۔ منگلا میں آفیسرز ٹریننگ سکول (OTS) کے 17ویں کورس کے بعد فرنٹیئر فورس رجمنٹ کی 23ویں بٹالین میں کمیشن حاصل کیا تھا۔ ایک بریگیڈیئر کے طور پر انھوں نے پاکستان کی Iسٹرائیک کور منگلا کے چیف آف سٹاف کے طور پر خدمات سر انجام دیں اور شمالی علاقہ جات میں ایک انفنٹری بریگیڈ کی کمانڈ کی ۔ 2014ء میں میجر جنرل کے عہدے پر ترقی ملی اور پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں تعینات فوجیوں کے کمانڈر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ سیاچن گلیشیئر میں بھی خدمات سر انجام دیں ۔
اکتوبر 2014ء میں میجرجنرل بنے اور 2016ء میں ملٹری انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر خدمات انجام دیں۔ مارچ 2018ء میں ہلال امتیاز ملا اور ستمبر 2018ء میں تھری سٹار لیفٹیننٹ جنرل بنے۔ 25 اکتوبر 2018ء کو ڈی جی آئی ایس آئی (DGISI) تعینات ہوئے۔ جون 2019ء میں، وزیرِاعظم عمران خان کی اہلیہ کی مبینہ کرپشن کے کیس میں ان کی جگہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو آئی ایس آئی کا نیا سربراہ بنایا گیا اور انھیں گوجرانوالہ میں کور کمانڈر کے طور پر تعینات کر دیا گیا تھا۔

Field Marshal General Syed Asim Munir
Tuesday, 20 May 2025
Pakistan's 11th Army Chief General Asim Munir was promoted to "Field Marshal" on May 20th, 2025..
پاک میگزین، ایک منفرد ویب سائٹ
پاک میگزین پر پاکستان کے سال بسال اہم ترین تاریخی اور سیاسی واقعات کے علاوہ پاکستانی زبانوں کا ڈیٹا بیس، حروفِ تہجی کی تاریخ اور پاکستان کی فلمی تاریخ پر نایاب معلومات دستیاب ہیں۔
پاکستان کی سیاسی تاریخ
-
06-03-2024: بھٹو ریفرنس کیس
05-12-1971: چین کی بھارتی جارحیت کی مذمت
17-09-2012: راجہ تری دیو رائے