Raja Pervaiz Ashraf was Prime Minister of Pakistan for nine months only..
راجہ پرویز اشرف ، صرف نو ماہ تک پاکستان کے وزیراعظم رہے۔۔!
وزیراعظم شاید کبھی نہ بن پاتے ، اگر ان کے پیش رو یوسف رضا گیلانی کو عدالت عظمیٰ "توہین عدالت" کے جرم میں نااہل قرار نہ دے دیتی اور ان کے بعد مخدوم شہاب الدین کو انسداد منشیات فورس گرفتاری کے لیے وارنٹ جاری نہ کردیتی۔
راجہ پرویز اشرف ، 22 جون 2012ء سے 24 مارچ 2013ء تک پیپلز پارٹی کی ڈگمگاتی حکومت میں وزیراعظم رہے اور پہلے منتخب وزیراعظم تھے جنھوں نے گارڈ آف آنر لے کر اپنے عہدے کی میعار پوری کی تھی۔ انھوں نے قومی اسمبلی میں وزیراعظم کے انتخاب میں 89 کے مقابلے میں 211 وؤٹ حاصل کیے تھے۔ اس سے قبل گیلانی حکومت میں پانی اور بجلی کے وزیر کے طور پر کام کر رہے تھے اور لوڈشیڈنگ کے دور میں نیشنل گرڈ میں تقریباً 3,570 میگاواٹ بجلی شامل کی تھی۔ ان پر بھی حسب معمول کرپشن کے بے شمار الزامات تھے لیکن کوئی ایک بھی ثابت نہ ہوسکا۔ ان کے مخالفین انھیں طنزیہ "راجہ رینٹل" کہتے تھے۔
راجہ پرویز اشرف ، 26 دسمبر 1950ء کو اندرون سندھ سانگھڑ میں پیدا ہوئے۔ 1970ء میں سندھ یونیورسٹی سے گریجویشن کیا اور سیاست میں آنے سے پہلے زراعت سے وابستہ تھے۔ ان کا تعلق شمالی پنجاب کے خطہ پوٹھوہار کے ضلع راولپنڈی کے ایک صنعتی شہر گوجر خان سے ہے۔ ان کے ایک چچا نے 1960ء کی دہائی میں جنرل ایوب خان کی کابینہ میں بطور وزیر خدمات انجام دیں۔ ان کے خاندان کو سندھ کے قصبے سانگھڑ میں زرعی زمینیں الاٹ ہوئی تھیں ، جہاں وہ پیدا ہوئے اور پرورش پائی۔ راجہ پرویز اشرف کثیر لسانی ہیں اور روانی سے انگریزی، اردو ، پنجابی (پوٹھواری) اور سندھی بول سکتے ہیں۔
پاک میگزین ، پاکستانی تاریخ پر اردو میں ایک منفرد ویب سائٹ ہے جس پر اہم تاریخی واقعات کو بتاریخ سالانہ ، ماہانہ ، ہفتہ وارانہ ، روزانہ اور حروفانہ ترتیب سے چند کلکس کے نیچے پیش کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں اہم ترین واقعات اور شخصیات پر تاریخی اور مستند معلومات پر مخصوص صفحات ترتیب دیے گئے ہیں جہاں تصویر و تحریر ، ویڈیو اور دیگر متعلقہ مواد کی صورت میں محفوظ کیا گیا ہے۔ یہ سلسلہ ایک انفرادی کاوش اور فارغ اوقات کا بہترین مشغلہ ہے جو اپنی تکمیل تک جاری و ساری رہے گا ، ان شاء اللہ۔۔!
پاکستانی فلموں ، فنکاروں اور فلمی گیتوں پر ایک منفرد اور معلوماتی سلسلہ