Pakistan International Airlines (PIA) was founded on January 10, 1955..
پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز یا PIA کا قیام 10 جنوری 1955ء کو عمل میں آیا تھا۔۔!
قیام پاکستان کے وقت اورینٹ ایئر ویز ، واحد فضائی کمپنی تھی جو اصل میں قائداعظمؒ کی خواہش پر اس دور کے بڑے مسلم سرمایہ داروں ، مرزا احمد اصفہانی اور آدم جی حاجی داؤد گروپ نے مل کر 23 اکتوبر 1946ء کو کلکتہ میں قائم کی تھی۔ 30 جون 1947ء کو اس نے کام شروع کیا اور 11 مارچ 1955ء کو 5 کروڑ روپے کے سرمائے سے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی صورت میں ایک سرکاری فضائی کمپنی میں ضم ہوئی تھی۔
پی آئی اے ، اپنے عروج کے دور میں ساٹھ سے زائد طیاروں کے بیڑے پر مشتمل تھی لیکن اس وقت اس کے پاس تیس طیارے ہیں۔ روزانہ تقریباً سو پروازیں چلاتی ہے جو پورے ایشیا، یورپ، مشرق وسطیٰ اور شمالی امریکہ میں 18 مقامی اور 25 بین الاقوامی مقامات تک پرواز کرتی ہے۔ تجارتی پروازوں کے علاوہ، پی آئی اے ، نیویارک شہر میں روزویلٹ ہوٹل اور پیرس میں سوفیٹل پیرس سکرائب ہوٹل کا مالک بھی ہے۔
پی آئی اے نے 1980ء کی دھائی تک خاصا عروج دیکھا تھا اور "باکمال لوگ لاجواب سروس" اس کی پہچان ہوتی تھی لیکن نجکاری کے نام پر اس کا بیڑا غرق کیا گیا۔ فوجی حکومتیں ، سیاسی حکومتوں پر الزام لگاتی ہیں کہ انھوں نے بے تحاشا سیاسی بھرتیاں کرکے ادارے کو خسارے کا شکار کیا ہے جبکہ سیاسی حلقے چہ مگوئیاں کرتے ہیں کہ ائیرفورس کے لوگوں کو بڑی تعداد میں ناجائز طریقوں سے زبردستی بھرتیاں کرنے سے اس قومی فضائی کمپنی کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔ رہی سہی کسر ایک نااہل وزیر کے اس بیان نے پوری کردی تھی کہ چالیس فیصد پائلٹ جعلی ڈگریوں پر جہاز چلا رہے ہیں۔ 2016 کے آخر تک، پی آئی اے ، تین ارب ڈالر کی مقروض تھی۔
پی آئی اے پر یکم جولائی 2020ء سے شروع ہونے والے چھ ماہ کے لیے یورپی فضائی حدود میں پرواز کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی جب EASA نے یہ طے کیا کہ پی آئی آے ، قابل اطلاق بین الاقوامی معیارات کے مطابق اپنے آپریٹرز اور طیاروں کی تصدیق اور نگرانی کرنے کے قابل نہیں ہے۔ یہ فیصلہ اس انکشاف کے بعد کیا گیا کہ پاکستان میں جاری کیے گئے تمام پائلٹ لائسنسوں میں سے کم از کم ایک تہائی اصلی نہیں۔ پی آئی اے کو اس بندش سے اربوں ڈالروں کا نقصان ہوا لیکن غیر ذمہ دار ، ہڈحرام اور حرامخور اہلکاروں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی اور نہ ہی کسی میں ان کے احتساب کی جرات ہے۔۔!
پاک میگزین ، پاکستانی تاریخ پر اردو میں ایک منفرد ویب سائٹ ہے جس پر اہم تاریخی واقعات کو بتاریخ سالانہ ، ماہانہ ، ہفتہ وارانہ ، روزانہ اور حروفانہ ترتیب سے چند کلکس کے نیچے پیش کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں اہم ترین واقعات اور شخصیات پر تاریخی اور مستند معلومات پر مخصوص صفحات ترتیب دیے گئے ہیں جہاں تصویر و تحریر ، ویڈیو اور دیگر متعلقہ مواد کی صورت میں محفوظ کیا گیا ہے۔ یہ سلسلہ ایک انفرادی کاوش اور فارغ اوقات کا بہترین مشغلہ ہے جو اپنی تکمیل تک جاری و ساری رہے گا ، ان شاء اللہ۔۔!
پاکستانی فلموں ، فنکاروں اور فلمی گیتوں پر ایک منفرد اور معلوماتی سلسلہ