Governor General of Pakistan, Qaid-e-Azam Mohammad Ali Jinnah dismissed the government of North West Frontier Province (Khyber Pakhtunkhwa) on August 22, 1947..
پاکستان کے قیام کے دوسرے ہی ہفتے یعنی 22 اگست 1947ء کو صوبہ سرحد (خیبر پختون خواہ) کی منتخب حکومت کو برطرف کردیا گیا تھا۔۔!
جمہوری عمل سے بننے والے پاکستان کی تاریخ میں یہ پہلا غیر جمہوری قدم کسی اور نے نہیں ، خود بانی پاکستان حضرت قائداعظمؒ نے اٹھایا تھا جب انہوں نے گورنر جنرل کے اختیارات استعمال کرتے ہوئے صوبہ سرحد (خیبر پختونخواہ) کی منتخب کانگریسی حکومت کو برطرف کر دیا تھا۔ 1945/46ء کے انتخابات میں یہ واحد مسلم صوبہ تھا جہاں سے مسلم لیگ کو شکست ہوئی تھی اور اسے 50 میں سے صرف 17 سیٹیں ملی تھیں۔ 30 سیٹوں کے ساتھ کانگریس سب سے بڑی پارٹی تھی ، دو سیٹیں جمیعت العلمائے ہند اور ایک سیٹ سکھ جماعت اکالی دل کی تھی۔
3 جون 1947ء کو جب تقسیم ہند کا اعلان ہوا تو اس میں یہ شرط رکھی گئی تھی کہ سلہٹ اور صوبہ سرحد کی پاکستان میں شمولیت کے لئے ریفرنڈم کروایا جائے گا۔ 6 سے 17 جولائی 1947ء تک ہونے والے اس ریفرنڈم میں پچاس فیصد وؤٹ پڑے تھے جن میں سے 289.244 افراد کی اکثریت نے پاکستان کے حق میں فیصلہ دیا تھا جبکہ صرف 28.744 وؤٹ مخالفت میں آئے تھے۔ ایسے میں اصولاً کانگریسی حکومت کو مستعفی ہوجانا چاہیے تھا یا غیر مشروط طور پر نئی ریاست سے اپنی وفارداری کا اعلان کر دینا چاہئے تھا لیکن ایسا نہیں ہوا۔ 15 اگست 1947ء کو کانگریسی حکومت نے یوم آزادی کی تقریبات کا بائیکاٹ کیا جس پر مرکزی حکومت کا پیمانہ صبر لبریز ہو گیا تھا اور اس غیر جمہوری عمل کی نوبت آئی تھی۔
کانگریسی حکومت کی برطرفی کے بعد قائداعظمؒ کے حکم پر مسلم لیگ نے حکومت بنائی تھی اور خان عبدالقیوم خان پہلے وزیر اعلیٰ نامزد ہوئے تھے۔ برطرف کانگریسی حکومت کے وزیراعلیٰ ڈاکٹر خان صاحب جن کا اصل نام خان عبدالجبار خان تھا ، خان عبدالغفار خان کے بڑے بھائی اور نیشل عوامی پارٹی کے لیڈر خان عبدالولی خان کے تایا تھے۔ قیام پاکستان کے بعد وہ چھ سال تک جیل میں رہے۔ 1954ء میں انہیں محمدعلی بوگرا حکومت نے وزیر اطلاعات بنایا۔ اکتوبر 1955ء میں مسلم لیگ کے باغیوں کی ایک نئی سیاسی جماعت بننے والی ری پبلیکن پارٹی کے سربراہ تھے۔ 14 اکتوبر 1955ء کو جب ون یونٹ کا قیام عمل میں آیا تو ڈاکٹر خان صاحب کو صوبہ مغربی پاکستان کا پہلا وزیر اعلیٰ بننے کا اعزاز حاصل ہوا تھا۔ 9 مئی 1958ء کو انہیں ایک شخص نے ذاتی دشمنی کی بنیاد پر قتل کر دیا تھا۔
پاک میگزین ، پاکستانی تاریخ پر اردو میں ایک منفرد ویب سائٹ ہے جس پر اہم تاریخی واقعات کو بتاریخ سالانہ ، ماہانہ ، ہفتہ وارانہ ، روزانہ اور حروفانہ ترتیب سے چند کلکس کے نیچے پیش کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں اہم ترین واقعات اور شخصیات پر تاریخی اور مستند معلومات پر مخصوص صفحات ترتیب دیے گئے ہیں جہاں تصویر و تحریر ، ویڈیو اور دیگر متعلقہ مواد کی صورت میں محفوظ کیا گیا ہے۔ یہ سلسلہ ایک انفرادی کاوش اور فارغ اوقات کا بہترین مشغلہ ہے جو اپنی تکمیل تک جاری و ساری رہے گا ، ان شاء اللہ۔۔!
پاکستانی فلموں ، فنکاروں اور فلمی گیتوں پر ایک منفرد اور معلوماتی سلسلہ