The Objectives Resolution was adopted by the Constituent Assembly of Pakistan on March 12, 1949. It was drafted by Alama Shabbir Ahmad Usmani..
پاکستان کے پہلے وزیر اعظم نوابزادہ لیاقت علی خان ، اپنے چار سالہ دور حکومت میں ملک کو کوئی آئین یا دستور تو نہ دے سکے تھے لیکن ایک متنازعہ "قرارداد مقاصد" ضرور دی تھی جو دستور ساز اسمبلی نے 12 مارچ 1949ء کو منظور کی تھی اور جس کا مسودہ علامہ شبیر احمد عثمانی نے تیار کیا تھا۔۔!
اس وقت متحدہ پاکستان کی پندرہ فیصد آبادی غیر مسلم تھی جس نے اس قرارداد کی سخت الفاظ میں مذمت کی تھی کیونکہ پاکستان کے شہریوں کو مسلمانوں اور اقلیتوں میں تقسیم کر کے مذہبی تعصب کی بنیاد رکھ دی گئی تھی۔ ناقدین کے خیال میں یہ کام ریاست کا نہیں کہ وہ شہریوں کے دین و ایمان پر پہرہ دے ، عقیدہ ہر شخص کا ذاتی فعل ہے۔ اس قرارداد کی وجہ سے قائد اعظمؒ کے نامزد کردہ پاکستان کے پہلے وزیر قانون جوگندر ناتھ منڈل اتنے بددل ہوئے تھے کہ ملک ہی چھوڑ کر چلے گئے تھے۔
قرارداد مقاصد ، آئین کا ابتدائی خاکہ تو ہو سکتی تھی نعم البدل نہیں۔ یہ محض زبانی جمع خرچ تھا جو نااہلی ، بدنیتی اور دستور سازی میں غفلت کی ایک بدترین مثال تھی۔ اگر اس وقت آئین بن جاتا تو شاید آج ہماری تاریخ مختلف ہوتی لیکن دستور سازی میں مشکلات کی بڑی وجہ اسمبلی میں بنگالی اراکین کی اکثریت تھی جن کی موجودگی میں جمہوری طریقے سے پاکستان کی اشرافیہ اپنی مرضی کا دستور مسلط نہیں کر سکتی تھی ، اسی لئے یہ مذہبی کارڈ کھیل کر بنگالیوں کو بے بس کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔
یاد رہے کہ قیام پاکستان سے قبل 1945/46ء کے انتخابات کے نتیجے میں وجود آنے والی اس نیم منتخب اور انتہائی نااہل اسمبلی کو سات سال بعد 1955ء میں گورنر جنرل ملک غلام محمد نے ایک آمرانہ حکم سے توڑ دیا تھا۔ ون یونٹ کی بنیاد پر ایک نئی "جی حضور" قسم کی اسمبلی وجود میں آئی تھی جس نے مقتدر حلقوں کی خواہش پر 1956ء کا متنازعہ آئین منظور کرلیا تھا۔ اس آئین میں پہلی بار پاکستان کو "اسلامی جمہوریہ پاکستان" کا نام دیا گیا تھا لیکن مشرقی پاکستان کے نمائندوں نے اس آئین کا بائیکاٹ کیا تھا۔
جنرل ضیاع مردود نے بھی قرارداد مقاصد کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کیا تھا لیکن اس کی ایک بھی شق پر عمل نہیں کیا تھا بلکہ مذہبی انتہاپسندی کو ہوا دے کر پاکستان کو دنیا بھر میں تماشا بنا دیا تھا۔
PAK Magazine presents latest news from newspapers, TV, social media, political parties, official's and many renowned journalists from Pakistan and around the world.
پاک میگزین ، پاکستانی تاریخ پر اردو میں ایک منفرد ویب سائٹ ہے جس پر اہم تاریخی واقعات کو بتاریخ سالانہ ، ماہانہ ، ہفتہ وارانہ ، روزانہ اور حروفانہ ترتیب سے چند کلکس کے نیچے پیش کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں اہم ترین واقعات اور شخصیات پر تاریخی اور مستند معلومات پر مخصوص صفحات ترتیب دیے گئے ہیں جہاں تصویر و تحریر ، ویڈیو اور دیگر متعلقہ مواد کی صورت میں محفوظ کیا گیا ہے۔ یہ سلسلہ ایک انفرادی کاوش اور فارغ اوقات کا بہترین مشغلہ ہے جو اپنی تکمیل تک جاری و ساری رہے گا ، ان شاء اللہ۔۔!
Pakistan Exchange Rates