Punjabi is the most spoken language in Pakistan..
پنجابی ، پاکستان کی سب سے زیادہ بولی جانے والی زبان ہے۔۔!
برصغیر کی ہند آریائی زبانوں سے تعلق رکھنے والی زبانوں میں "ہندوستانی" (ہندی/اردو) اور "بنگالی" کے بعد سب سے زیادہ بولی جانے والی زبان "پنجابی" ہے جو دریائے سندھ سے دریائے جمنا اور وادی نیلم سے وادی سندھ تک کے وسیع و عریض علاقوں میں بولی جاتی ہے۔ آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے علاقہ جموں کی اکثریت بھی پنجابی زبان بولتی ہے جبکہ بیرون ملک پاکستانیوں اور سکھوں کی بڑی تعداد بھی پنجابی ہی بولتی ہے۔
صدیوں سے بولی جانے والی پنجابی زبان ، دو ملکوں (پاکستان اور بھارت) اور چار بڑے مذاہب (مسلمانوں ، سکھوں ، ہندوؤں اور عیسائیوں) میں تقسیم ہے۔ یہ شاید دنیا کو واحد زبان ہے جو تین مختلف رسم الخط ، شاہ مکھی ، گور مکھی اور دیونا نگری میں لکھی جاتی ہے۔ بھارت کی 22 سرکاری زبانوں میں سے ایک ہے اور بھارتی صوبہ پنجابی میں ذریعہ تعلیم بھی ہے لیکن پاکستان میں اسے کوئی سرکاری حیثیت حاصل نہیں اور نہ ہی سکولوں میں پڑھائی جاتی ہے۔
پنجابی زبان اپنی وسعت کی وجہ سے بے شمار مختلف انداز میں بولی جاتی ہے۔ ذیل میں بڑے بڑے لہجوں ، بولیوں یا dialects کا ذکر کیا جا رہا ہے۔
پنجابی زبان کا سٹینڈرڈ لہجہ "ماجھی" کہلاتا ہے جو تقسیم سے قبل سے ادب ، فلموں اور گیتوں میں استعمال ہوتا رہا ہے۔ مرکزی شہر لاہور کے علاوہ دریائے جہلم سے دریائے بیاس تک کے اکثریتی علاقوں میں ماجھی بولی جاتی ہے۔ ڈوگری ، گوجری ، شاہ پوری ، جانگلی اور جھنگوی وغیرہ بھی اس کی ذیلی شاخیں ہیں۔
دوسرا بڑا لہجہ "سرائیکی" ہے جسے 1981ء کی مردم شماری میں پہلی بار ایک الگ زبان کے طور پر شمار کیا گیا ہے۔ پاکستان کے صوبہ پنجاب کے مغربی علاقوں میں بولی جانی والی یہ پنجابی بولی ، ملتانی ، ریاستی ، ڈیرہ والی اور تھلوچی لہجوں میں تقسیم ہے۔ سرائیکی لہجے کا صدر مقام ملتان ہے۔
تیسرا بڑا لہجہ "ہندکو" ہے جس میں پوٹھواری ، پہاڑی ، میرپوری ، چھاچھی اور کوہاٹی وغیرہ آتے ہیں۔ اس پنجابی بولی کو بھی 1981ء کی مردم شماری میں ایک الگ زبان کے طور پر گنا گیا ہے۔ ہندکو لہجے کا صدر مقام ایبٹ آباد ہے اور اکثریتی آبادی صوبہ خیبرپختونخواہ میں آباد ہے۔
ان کے علاوہ بھارتی پنجاب میں دریائے بیاس اور پاکستانی سرحد کے مابین علاقوں میں "ماجھی" کے علاوہ دریائے بیاس اور ستلج کے درمیانی علاقے میں "دوآبی" بولی جاتی ہے جس کا صدر مقام جالندھر ہے۔ "مالوی" لہجہ دریائے ستلج کے جنوبی علاقوں میں بولا جاتا ہے جس کا صدر مقام لدھیانہ ہے۔ ان کے علاوہ "پواڑھی" لہجہ بھارتی پنجاب کے صدر مقام چندیگڑھ کے علاقوں میں بولا جاتا ہے جس میں ہندی زبان کی آمیزش ہے۔
ان کے علاوہ بے شمار چھوٹی بڑی بولیاں ہیں جن میں دیگر زبانوں کے اثرات نمایاں ہیں۔ بھارتی صوبوں ہریانہ ، ہماچل پردیش اور راجستھان کے ہندی زبان کے متعدد لہجوں میں پنجابی ٹچ ملتا ہے جبکہ دہلی کی 25 فیصد آبادی بھی پنجابی زبان بولتی ہے۔
2017ء کی مردم شماری کے مطابق پنجابی زبان کا ماجھی لہجہ 38 فیصد ، سرائیکی لہجہ ، 12 فیصد اور ہندکو لہجہ ، 2 فیصد پاکستانیوں کی مادری زبان ہے۔ بھارتی پنجاب میں 57 فیصد سکھوں اور 40 فیصد ہندوؤں کی مادری زبان پنجابی ہے۔ باقی تین فیصد مسلمان اور عیسائی ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستانی پنجاب میں 5 فیصد افراد کی مادری زبان اردو ہے اور کراچی کے بعد سب سے زیادہ اردو بولنے والے لاہور میں بستے ہیں جن میں اکثریت ان پنجابیوں کی ہے جنھوں نے گزشتہ 70 برسوں میں اپنی مادری زبان کی جگہ اردو کو اپنایا ہے۔
2023ء میں دنیا بھر میں پنجابیوں کی کل تعداد 15 کروڑ کے لگ بھگ ہے اور یہ دنیا کی 11ویں سب سے زیادہ بولی جانے والی زبان ہے۔
پاک میگزین ، پاکستانی تاریخ پر اردو میں ایک منفرد ویب سائٹ ہے جس پر اہم تاریخی واقعات کو بتاریخ سالانہ ، ماہانہ ، ہفتہ وارانہ ، روزانہ اور حروفانہ ترتیب سے چند کلکس کے نیچے پیش کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں اہم ترین واقعات اور شخصیات پر تاریخی اور مستند معلومات پر مخصوص صفحات ترتیب دیے گئے ہیں جہاں تصویر و تحریر ، ویڈیو اور دیگر متعلقہ مواد کی صورت میں محفوظ کیا گیا ہے۔ یہ سلسلہ ایک انفرادی کاوش اور فارغ اوقات کا بہترین مشغلہ ہے جو اپنی تکمیل تک جاری و ساری رہے گا ، ان شاء اللہ۔۔!
پاکستانی فلموں ، فنکاروں اور فلمی گیتوں پر ایک منفرد اور معلوماتی سلسلہ