First Budget in Pakistan was annonced on February 28, 1948..
پاکستان کا پہلا بجٹ خسارے کا تھا جس میں آدھا دفاعی خرچہ تھا ۔۔!
8 فروری 1948ء کو وزیر خزانہ ملک غلام محمد نے پاکستان کا پہلا بجٹ پیش کیا جو قائداعظم محمدعلی جناحؒ کے بطور گورنرجنرل کے عہد کا اکلوتا بجٹ تھا اور جس میں اس وقت مشرقی پاکستان یا موجودہ بنگلہ دیش بھی شامل تھا۔
پاکستان کے پہلے تقریباً نوے کروڑ روپے کے سالانہ بجٹ میں دس کروڑ گیارہ لاکھ روپے کا خسارہ ظاہر کیا گیا تھا۔ محصولات یا ٹیکسوں کی مد میں 31 کروڑ ، 20 لاکھ کا تخمینہ تھا۔ ریل اور ڈاک کی آمدن 36 کروڑ ، 89 لاکھ متوقع تھی جبکہ دیگر متفرق آمدن 11 کروڑ ، 48 لاکھ روپے تھی۔
اخراجات کی مد میں بتایا گیا تھا کہ 89 کروڑ ، 68 لاکھ کے مجوزہ بجٹ میں سے 37 کروڑ ، 11 لاکھ روپے کے فوجی اخراجات تھے یعنی کل بجٹ کا چالیس فیصد سے زائد خرچہ تھا۔ ریل اور ڈاک کے اخراجات 37 کروڑ ، 15 لاکھ تھے یعنی ریل اس وقت بھی خسارے میں تھی۔ دیگر متفرق اخراجات 15 کروڑ ، 42 لاکھ روپے کے تھے۔
پاکستان کے اس پہلے بجٹ کے خسارہ کو پورا کرنے کے لئے نئے ٹیکس لگائے گئے تھے جن میں سے پوسٹ کارڈ کی قیمت میں تیس فیصد اضافہ کیا گیا تھا جو دو پیسے کی بجائے تین پیسے کا ہو گیا تھا۔ دیگر ٹیکسوں میں پٹرول ، مٹی کے تیل ، چینی ، حقہ ، بیڑی ، تمباکو ، چھالیہ اور شراب کے ٹیکس بڑھا دیئے گئے تھے۔ مالی خسارہ پورا کرنے کے لئے خام روئی ، چمڑے اور کھال پر برآمدی ڈیوٹی لگا دی گئی تھی۔
وزیرخزانہ ملک غلام محمد نے دستور ساز اسمبلی میں اپنی بجٹ تقریر میں یہ بھی بتایا تھا کہ قیام پاکستان یعنی 15 اگست1947ء سے لے کر 31 مئی 1948ء تک کے رواں مالی سال تک حکومت پاکستان کو 23 کروڑ ، 41لاکھ روپے کا خسارہ ہورہا ہے۔لیکن آئندہ سال یعنی 1948ء تا 1949ء کےلیے مجموعی طور پر 10 کروڑ ، 11لاکھ کے بجٹ خسارہ کا اندازہ لگایا گیا ہے۔
وزیرخزانہ کی اس تقریر میں یہ نہیں بتایا گیا تھا کہ 9 دسمبر 1947ء کو بھارت کے ساتھ جو معاہدہ ہوا تھا اس کے مطابق برطانوی ہندوستان کے چار ارب روپے کے مشترکہ اثاثوں میں سے پاکستان کو 75 کروڑ یا 17.33 فیصد رقم ملی تھی۔ اس رقم میں سے بیس کروڑ روپے پاکستان کو پہلے ہی مل چکے تھے جبکہ پچاس کروڑ روپے 15 جنوری 1948ء کو ملے تھے۔ پانچ کروڑ روپے بھارت نے مختلف اخراجات کی مد میں روک لیے تھے۔ یاد رہے کہ اس وقت پاکستان کا اپنا سکہ نہیں تھا اور تقسیم سے قبل کے برطانوی ہند کے نوٹوں پر حکومت پاکستان کی مہر لگا کر انھیں استعمال کیا جاتا تھا۔ پاکستان کے پہلے سکے یکم اپریل 1948ء کو اور پہلے نوٹ یکم جولائی 1948ء کو جاری ہوئے تھے۔
پاک میگزین ، پاکستانی تاریخ پر اردو میں ایک منفرد ویب سائٹ ہے جس پر اہم تاریخی واقعات کو بتاریخ سالانہ ، ماہانہ ، ہفتہ وارانہ ، روزانہ اور حروفانہ ترتیب سے چند کلکس کے نیچے پیش کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں اہم ترین واقعات اور شخصیات پر تاریخی اور مستند معلومات پر مخصوص صفحات ترتیب دیے گئے ہیں جہاں تصویر و تحریر ، ویڈیو اور دیگر متعلقہ مواد کی صورت میں محفوظ کیا گیا ہے۔ یہ سلسلہ ایک انفرادی کاوش اور فارغ اوقات کا بہترین مشغلہ ہے جو اپنی تکمیل تک جاری و ساری رہے گا ، ان شاء اللہ۔۔!
پاکستانی فلموں ، فنکاروں اور فلمی گیتوں پر ایک منفرد اور معلوماتی سلسلہ