Islamabad was recommended as a new capital city in Pakistan. The first stone was laid on October 27, 1960..
27 اکتوبر 1960ء کو پاکستان کے نئے دارالحکومت اسلام آباد کا سنگ بنیاد رکھا گیا تھا۔۔!
یہ "یوم انقلاب" کا دن تھا جب دو سال قبل یعنی 27 اکتوبر 1958ء کو جنرل ایوب خان پاکستان کی تقدیر کے بلا شرکت غیرے مالک بن گئے تھے۔ اس دن کو ایک نیا شہر آباد کر کے ایک یادگار دن بنادیا گیا تھا جو بلاشبہ جنرل ایوب خان کے کارناموں میں سے ایک بڑا کارنامہ تھا لیکن اہل کراچی نے انھیں اس جرم پر کبھی معاف نہیں کیا تھا۔
قیام پاکستان کے بعد کراچی کو ملک کا دارالحکومت منتخب کیا گیا تھا لیکن آبادی میں بے تحاشا اضافہ اور وسائل کی کمی نے مسائل میں اضافہ کردیا تھا۔ پچاس کی دھائی میں ہندوستانی مہاجروں کی سندھیوں اور بنگالیوں سے چپقلش نے صورتحال انتہائی کشیدہ کردی تھی۔ سیاسی افراتفری اور غنڈہ گردی میں بے پناہ اضافہ ہوگیا تھا۔ ہندوستان سے درآمدشدہ اردو بیوروکریسی اور پنجابی/پختون ملٹری کریسی میں اختیارات کی جنگ بھی تھی جس میں جیت اسی کی ہونا تھی جو زیادہ طاقت ور تھا۔ اور پھر طاقت کا مرکز بھی تو جی ایچ کیو راولپنڈی میں تھا جہاں سے دارالحکومت کی نگرانی بہتر طریقے سے ہوسکتی تھی۔
اس سے قبل 21 جنوری 1959ء کو ایوب حکومت نے ایک کمیشن قائم کیا جس کے سربراہ چیف آف سٹاف میجر جنرل یحییٰ خان تھے۔ اس کمیشن کو پاکستان کے نئے دارالحکومت کے لئے موزوں ترین مقام کی تلاش کی ذمہ داری تفویض کی گئی تھی۔ 12 جون 1959ء کو اس کمیشن کی رپورٹ کے مطابق موجودہ اسلام آباد کا مقام تجویز کیا گیا تھا جسے وفاقی کابینہ نے منظور کر لیا تھا۔
یاد رہے کہ پاکستان (1959) ، روس (1918) اور برازیل (1950) کے بعد دنیا کا تیسرا ملک تھا جس نے اپنا دارالحکومت تبدیل کیا تھا۔ ان کے علاوہ تنزانیہ (1980) ، آئیوری کوسٹ (1983) ، نائیجریا (1991) ، قزاخستان (1997) اور میانمار یا برما (2005) نے بھی اپنے دارالحکومت تبدیل کیے تھے جبکہ مصر اور انڈونیشیا مستقل قریب میں ارادہ رکھتے ہیں۔
پاک میگزین ، پاکستانی تاریخ پر اردو میں ایک منفرد ویب سائٹ ہے جس پر اہم تاریخی واقعات کو بتاریخ سالانہ ، ماہانہ ، ہفتہ وارانہ ، روزانہ اور حروفانہ ترتیب سے چند کلکس کے نیچے پیش کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں اہم ترین واقعات اور شخصیات پر تاریخی اور مستند معلومات پر مخصوص صفحات ترتیب دیے گئے ہیں جہاں تصویر و تحریر ، ویڈیو اور دیگر متعلقہ مواد کی صورت میں محفوظ کیا گیا ہے۔ یہ سلسلہ ایک انفرادی کاوش اور فارغ اوقات کا بہترین مشغلہ ہے جو اپنی تکمیل تک جاری و ساری رہے گا ، ان شاء اللہ۔۔!
پاکستانی فلموں ، فنکاروں اور فلمی گیتوں پر ایک منفرد اور معلوماتی سلسلہ