پاک میگزین پر تاریخِ پاکستان
ہفتہ 16 اگست 1947
صوبہ سندھ
صوبہ سندھ ، آبادی کے لحاظ سے پاکستان کا دوسرا بڑا صوبہ ہے جہاں ایک لاکھ 41 ہزار مربع کلومیٹر کے علاقے میں ساڑھے پانچ کروڑ سے زائد لوگ بستے ہیں۔ کراچی ، دارالحکومت اور سب سے بڑا شہر ہے۔ سندھی اور اردو بڑی زبانیں ہیں۔
سندھ کی پہلی حکومت
قیامِ پاکستان کے بعد سندھ کی پہلی چار رکنی صوبائی حکومت نے 16 اگست 1947ء کو حلف اٹھایا تھا۔ سندھ کے پہلے وزیرِاعلیٰ کے طور پر محمد ایوب کھوڑو کا انتخاب ہوا جو وزیر داخلہ ، مالیات اور تعمیرات بھی تھے۔ پیر الہٰی بخش ، وزیرِ تعلیم ، بلدیات اور صحت تھے۔ قاضی فضل اللہ ، وزیرِ قانون ، محصولات اور جنگلات تھے۔ مسٹر غلام علی ، وزیرِ صنعت ، خوراک ، زراعت ، ماہی گیری اور سول سپلائز تھے۔
سندھی زبان
صوبہ سندھ کی 60 فیصد سے زائد آبادی کی مادری زبان، سندھی ہے جو ہند آریائی زبانوں سے تعلق رکھنے والی پاکستان کی پہلی "مسلم زبان" ہے۔ "سندھ" یا "سندھی" کا نام دریائے سندھو سے ماخوذ ہے جس کے ڈیلٹا کے گرد سندھی آباد ہیں۔
عربوں نے 711ء میں محمدبن قاسمؒ کی قیادت میں ہندوستان پر واحد حملہ کیا اور سندھ کو ملتان سمیت فتح کرلیا تھا۔ اس طرح سے سندھ پہلا صوبہ تھا جس پر اسلامی اثرات مرتب ہوئے اور یہ خطہ پنجاب سے تین سو سال اور دہلی سے پانچ سو سال پہلے مسلمان ہوا تھا۔ اس کے باوجود 1843ء تک سندھی زبان، مختلف برہمنی (یا ہندوستانی) رسم الخط میں لکھی جاتی تھی۔ 1848ء میں انگریز گورنر جارج کلرک نے سندھی کو صوبہ کی سرکاری زبان قرار دیا اور 1853ء میں موجودہ سندھی رسم الخط کا اجراء ہوا جو عربی طرزِ تحریر نسخ میں لکھا جاتا ہے۔
برصغیر پاک و ہند میں قرآنِ مجید کا پہلا ترجمہ بھی سندھی زبان میں ہوا جو 1870ء میں آخوند عزاز اللہ متلوی ( 1824-1747ء) نے کیا تھا۔
سندھی زبان کے سب سے بڑے صوفی شاعر شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ (1689-1752ء) کا کلام "شاہ جو رسالو" کی صورت میں مرتب کیا گیا جس میں سندھی لوک کہانیوں اور سندھ کی ثقافتی تاریخ کو محفوظ کیا گیا ہے۔
سندھی بولیاں
- وچولی یعنی وسطی بولی : وسطی سندھ اور حیدرآباد کے علاقوں میں بولی جانے والی سٹینڈرڈ سندھی بولی ہے۔
- اترادی یا شمالی: لاڑکانہ ، شکارپور اور سکھر وغیرہ میں بولی جاتی ہے۔
- لاری : جنوبی سندھ، کراچی ، ٹھٹھہ اور بدین وغیرہ میں بولی جاتی ہے۔
- سرولی / سرائیکی یا ابھیجی : شمالی سندھ کی بولی جو جیکب آباد اور کشمور کے اضلاع میں بولی جاتی ہے۔
- لاسی : بلوچستان کے اضلاع لسبیلہ ، حب اور گوادر میں بولی جاتی ہے اور بلوچی سے ہم آہنگ ہے۔
- فراقی سندھی: بلوچستان کے شمال مشرقی اضلاع میں کچھی کے میدانی علاقوں میں بولی جاتی ہے۔
- تھریلی : سندھ کے شمال مشرقی صحرائے تھر کے علاوہ راجستھان ، ہندوستان کے جیسلمیر علاقوں میں بولی جاتی ہے۔
- سندھی بھیلی : میگھواڑ اور بھیلوں کے ذریعہ سندھ میں بولی جانے والی ایک بولی ہے۔
Sindh
Saturday, 16 August 1947
Sindh is a provincein Pakistan..
پاکستان کی تاریخ پر ایک منفرد ویب سائٹ
پاک میگزین ، پاکستان کی سیاسی تاریخ پر ایک منفرد ویب سائٹ ہے جس پر سال بسال اہم ترین تاریخی واقعات کے علاوہ اہم شخصیات پر تاریخی اور مستند معلومات پر مبنی مخصوص صفحات بھی ترتیب دیے گئے ہیں جہاں تحریروتصویر ، گرافک ، نقشہ جات ، ویڈیو ، اعدادوشمار اور دیگر متعلقہ مواد کی صورت میں حقائق کو محفوظ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
2017ء میں شروع ہونے والا یہ عظیم الشان سلسلہ، اپنی تکمیل تک جاری و ساری رہے گا، ان شاءاللہ
-
16-10-1951: لیاقت علی خان کا قتل
17-08-1988: غلام اسحاق خان
01-07-1999: جسٹس سعید الزمان صدیقی